بسم اللہ الرحمن الرحیم
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عمرہ کرنے کے بعد دو رکعت نماز پڑھنے کا کیا طریقہ ہے؟ اگر ایک عمرہ کا طواف مکمل کیا تو کیا اس طواف کی دو رکعت نماز فوراً پڑھنا ضروری ہے؟ یا دوسرا عمرہ کرنے کے بعد دونوں عمرہ کی دو رکعتیں ایک ساتھ پڑھی جاسکتی ہیں؟ قرآن و حدیث اور اقوالِ علمائے مجتہدین کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔
المستفتی:
سمیر رضا، چندرپور
الجواب وبالله التوفيق
صورتِ مسئولہ میں یہ بات واضح رہے کہ عمرہ کے طواف کے بعد پڑھی جانے والی دو رکعتیں نمازِ طواف ہیں۔ حنفی مذہب میں ہر طواف کے بعد دو رکعت نماز واجب ہے۔
بہارِ شریعت میں ہے:
’’طواف کے بعد مقامِ ابراہیم میں آکر آیتِ کریمہ وَاتَّخِذُوا مِنْ مَقَامِ إِبْرَاهِيمَ مُصَلًّى پڑھ کر دو رکعت طواف پڑھے اور یہ نماز واجب ہے۔‘‘
مزید اسی میں ہے:
’’سنت یہ ہے کہ وقتِ کراہت نہ ہو تو طواف کے بعد فوراً نماز پڑھے، بیچ میں فاصلہ نہ ہو، اور اگر نہ پڑھی تو عمر بھر میں جب پڑھے گا ادا ہی ہے قضا نہیں، مگر برا کیا کہ سنت فوت ہوئی۔‘‘
(بہارِ شریعت، جلد اول، ص 1103، مکتبۃ المدینہ)
لہٰذا ایک عمرہ کے طواف سے فارغ ہونے کے بعد اس کی دو رکعت نماز پڑھ کر پھر دوسرے طواف یا دوسرے عمرہ کے اعمال میں مشغول ہونا سنت ہے۔ بلا عذر ایک طواف کی دو رکعت چھوڑ کر دوسرا طواف شروع کرنا خلافِ سنت اور مکروہِ تنزیہی ہے۔
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے طواف کے مکروہات بیان کرتے ہوئے فرمایا:
’’ایک طواف کے بعد جب تک اس کی رکعتیں نہ پڑھ لیں، دوسرا طواف شروع کردینا (مکروہ ہے) مگر کراہت نماز کا وقت ہو... کہ اس میں متعدد طواف بے فصل نماز جائز ہیں۔‘‘
(فتاویٰ رضویہ، جلد 10، ص 752، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)
اگر دو طواف کی نمازیں جمع ہوگئیں؟
اگر کسی نے ایک طواف کے بعد اس کی دو رکعت نماز ادا نہیں کی اور دوسرا طواف بھی کرلیا تو دونوں طواف ادا ہوجائیں گے، لیکن ہر طواف کی دو رکعت الگ الگ ادا کرنا لازم ہوں گی۔
دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی کتاب میں بھی یہی مسئلہ مذکور ہے کہ اگر کئی طواف ایک ساتھ کرلیے جائیں تو ایسا کرنا مکروہِ تنزیہی ہے، تاہم جتنے طواف کیے ہوں، سب کی الگ الگ دو رکعت نماز ادا کرنا واجب ہے۔
لہٰذا اگر دو عمرے کیے اور دونوں کے طواف کی نمازیں باقی رہ گئیں تو آخر میں چار رکعت دو دو رکعت کرکے ادا کی جائیں گی؛ ایک ہی دو رکعت دونوں طواف کی طرف سے کافی نہیں ہوں گی۔
البتہ اگر طواف کے فوراً بعد نماز پڑھنے کا وقت مکروہ ہو، مثلاً عصر کے بعد طواف کیا ہو، تو اس وقت نمازِ طواف مؤخر کی جائے گی اور غیر مکروہ وقت میں ادا کی جائے گی۔
خلاصۂ فتویٰ
ہر طواف کے بعد دو رکعت نمازِ طواف واجب ہے۔
افضل اور سنت طریقہ یہ ہے کہ طواف مکمل کرتے ہی، اگر وقتِ کراہت نہ ہو، فوراً دو رکعت نماز ادا کی جائے۔ بلا عذر اسے دوسرے طواف تک مؤخر کرنا مکروہِ تنزیہی ہے۔ اگر دو طواف یا دو عمرے کی نمازیں جمع ہوگئیں تو ہر طواف کی دو رکعت الگ الگ ادا کی جائیں گی۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
تحقیق و تصنیف:
ابو احمد محمد رضا نوری قادری حنفی
دارالافتاء گلزار طیبہ تحقیق سینٹر
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں
Gulzaretaibah284@gmail.com